گلبرگہ7فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)خواتین کو جان لیوا بیماریوں کا جھوٹا خوف دال کر ان کی بچہ دانیاں نکال پھینکنے کے اسکنڈل کی رپورٹ کے مطابق گلبرگہ کے نامزد پرائیوٹ ہاسپٹلوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ڈپٹی کمشنر آفس کے روبرو زبردست مظاہرہ کیا گیا جس میں ان آپریشنوں سے متاثرہ خواتین بھی شریک تھیں ۔ اس کی قیادت کرناٹک جن آروگیہ چلولی تحریک نے کی مظاہرہین نے بچہ دانیوں سے محروم کردئیے جانے والی خواتین کو معاوضہ دئیے جانے کا مطالبہ کیا۔ اور ان پرائیوٹ ہاسپٹلوں کے خلاف نعرے لگائے جنہوں نے محض پیسے کمانے کے لئے بلا ضرورت خواتین کی بچہ دانیاں نکلوادیں۔ حکومت نے ان واقعات کی تحقیقات دو کمیٹیوں کے ذریعے کروائی لیکن ضلعی انتظامیہ کسی بھی خاطی دواخانے کے خلاف کارروائی کو تیار نہیں ہے ، تحقیقاتی رپورٹس میں چار پر ائیوٹ ہاسپٹلس کا ذکر کیا گیا ہے ، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور یہ ہاسپٹلس دھڑلے سے اپنے کاروبار میں مصروف ہیں ۔ ایک ہاسپٹل نے اپنا نام بدل کر کام کرنا شروع کیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کے نام پیش کردہ یادداشت میں متاثرین کی بھر پور امداد اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ان ہاسپٹلس کی منظوری منسوخ کرنے ، متاثرہ خواتین کا سرکاری ہاسپٹل میں مناسب علاج کرنے اور آنگن واڑی مراکز کے ذریعے انہیں تغذیہ بخش خوراک مہیا کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے ، اور اعلان کیا گیا ہے کہ ان مطالبات کی یکسوئی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔ کرناٹک جن آروگیہ چلولی کی قائدٹینازایوئیر اور متاثر ہ خواتین کی کثیر تعداد مظاہرہ میں شریک تھیں ۔